Wed, September 16, 2026

پاکستان اور دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

پاکستان اور دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

لاہور : آج 5 فروری کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اپنی حمایت کا اظہار اور ان کے حق خود ارادیت کے لیے عزم کی تجدید ہے۔ پورا پاکستان، کراچی سے خیبر اور گلگت سے گوادر تک، کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے اٹھ کھڑا ہوگا۔

آج کے دن کو اہمیت دیتے ہوئے ملک بھر میں مختلف تقریبات، ریلیاں، سیمینارز اور احتجاجی مظاہرے ہوں گے، جن کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف عالمی توجہ مبذول کروانا ہے۔ اس موقع پر کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی جائے گی، جس سے کشمیریوں کے ساتھ پاکستانیوں کی یکجہتی کا پیغام دنیا بھر میں پہنچے گا۔

آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بھی آج ہوگا، جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔

یوم یکجہتی کشمیر کا مقصد کشمیری عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ ان کی جدوجہد آزادی میں وہ اکیلے نہیں ہیں۔ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت، اور پوری قوم ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیری عوام نے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور اس جدوجہد میں ہزاروں کشمیری بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ بھارت نے کشمیریوں کی جائیدادیں چھینی ہیں اور ان کے گھروں اور کاروبار کو نذرِ آتش کیا ہے، لیکن کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کی جدوجہد میں آج بھی پرعزم ہیں۔

یوم یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونے تک اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ٹیگز: