Wed, September 16, 2026

گوگل نے 2025 میں پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات کی فہرست جاری کر دی

گوگل نے 2025 میں پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات کی فہرست جاری کر دی

کیلیفورنیا : گوگل نے 2025 کے دوران پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات کی فہرست شائع کی ہے، جس میں کرکٹ، ایتھلیٹس، مقامی خبریں، ٹیکنالوجی، ریسیپیز، "ہاؤ ٹو" اور ڈراموں سے متعلق سب سے زیادہ تلاش کیے گئے موضوعات شامل ہیں۔

کرکٹ
کرکٹ ہمیشہ پاکستانیوں کی دلچسپی کا مرکز رہا ہے، اور 2025 میں سب سے زیادہ سرچ ہونے والا میچ پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا رہا۔ اس کے بعد پاکستان سپر لیگ، ایشیا کپ، اور پاکستان بمقابلہ بھارت جیسے میچز سب سے زیادہ سرچ کیے گئے۔

ایتھلیٹس
ایتھلیٹس کے حوالے سے بھارتی کرکٹر ابھیشیک شرما سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے کھلاڑی تھے، جب کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں حسن نواز، عرفان خان نیازی، اور صاحبزادہ فرحان نمایاں رہے۔

مقامی خبریں
پاکستانیوں نے 2025 میں سب سے زیادہ پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری کو سرچ کیا۔ اس کے بعد کراچی میں آنے والے سیلاب، ایران کی خبریں، اور مختلف تعلیمی امتحانات کے نتائج لوگوں کی دلچسپی کا مرکز بنے۔

ٹیکنالوجی
ٹیکنالوجی کی دنیا میں گوگل جیمینی، تماشا اور ڈیپ سیک سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات تھے۔ ان کے علاوہ، آئی فون 17 اور نان فنجیبل ٹوکن جیسے موضوعات بھی پاکستانیوں نے تلاش کیے۔

ریسیپیز
پاکستانی کھانوں میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ریسیپی سینڈوچ بنانے کی تھی، جب کہ فوڈ فیوژن، کینوآ اور مٹن کی ریسیپیز بھی عوام میں مقبول رہیں۔

ہاؤ ٹو
"کراچی کے ای چالان کو کیسے چیک کریں؟" اس سوال کو پاکستانیوں نے سب سے زیادہ سرچ کیا۔ اس کے بعد انسٹاگرام سے میسجز ان سینڈ کرنے کا طریقہ، کرپٹو مارکیٹ میں سرمایہ کاری، اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری جیسے موضوعات پر بھی لوگوں نے دلچسپی ظاہر کی۔

ٹیگز: