کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیشِ نظر عوام اور ٹرانسپورٹرز کے لیے ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ قبول نہیں کیا جائے گا اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے درج ذیل اہم فیصلے صادر کیے
بس، کوچ، منی بس اور وین کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔ تمام ٹرانسپورٹرز 28 فروری سے پہلے والے کرائے برقرار رکھنے کے پابند ہوں گے۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹرز پر جو اضافی مالی بوجھ پڑے گا، اسے حکومتِ سندھ اپنے ریلیف پیکیج کے ذریعے ادا کرے گی۔
محکمہ تعلیم کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ سکول وینز کے کرائے نہ بڑھائے جائیں۔ بچوں کے والدین پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اضافی اخراجات حکومت ادا کرے گی۔مراد علی شاہ نے ملکی معاشی صورتحال کے تناظر میں عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا موجودہ حالات میں بجلی، تیل اور گیس کی بچت ناگزیر ہو چکی ہے۔ ہمیں قومی سطح پر وسائل کے ضیاع کو روکنا ہوگا۔ پوری قوم کو درپیش مسائل کا احساس کرتے ہوئے اپنی زندگیوں میں سادگی اختیار کرنی ہوگی تاکہ اجتماعی طور پر بحران سے نکلا جا سکے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا واحد مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے عام آدمی کی نقل و حمل متاثر نہ ہو اور مہنگائی کے اس دور میں شہریوں کو مزید معاشی دباؤ سے بچایا جا سکے۔