Wed, September 16, 2026

دنیا کے مشہور اطالوی فیشن ڈیزائنر جارجیو ارمانی کا انتقال

دنیا کے مشہور اطالوی فیشن ڈیزائنر جارجیو ارمانی کا انتقال

اٹلی: عالمی شہرت یافتہ اطالوی فیشن ڈیزائنر جارجیو ارمانی 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے برانڈ "ارمانی گروپ" نے ان کے وفات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب ہمارے درمیان نہیں رہے اور ہمیشہ ہماری یادوں میں زندہ رہیں گے۔

ارمانی نے اپنے منفرد اطالوی انداز اور جدید ملبوسات کے ذریعے فیشن کی دنیا میں ایک نئی پہچان بنائی اور ہالی ووڈ کی فلموں اور ریڈ کارپٹ پر اپنے ڈیزائنز کے باعث خاص شہرت حاصل کی۔ ان کے اہل خانہ اور کمپنی کے عملے نے ان کی وفات پر گہرا دکھ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بصیرت، جذبے اور محنت کے ساتھ کمپنی کو کامیابی کے بلند مقام تک پہنچایا۔

ارمانی 1934 میں اٹلی کے شہر پیاچنزا میں پیدا ہوئے۔ ابتدا میں انہوں نے طب کی تعلیم حاصل کی اور فوجی خدمات بھی انجام دیں، مگر 1957 میں میلان کے مشہور ڈپارٹمنٹ اسٹور لا ریناسینتے میں ونڈو ڈریسر کے طور پر کام کرنے لگے، جس نے ان کا فیشن کی دنیا میں کیریئر شروع کیا۔

1975 میں انہوں نے اپنا برانڈ قائم کیا اور جلد ہی ان کے ڈیزائنز ہالی ووڈ کی توجہ حاصل کرنے لگے۔ 1980 میں رچرڈ گیئر کی فلم "امریکن جِگولو" میں ان کے سوٹ نے ان کے لیے ایک خاص مقام قائم کیا۔

ارمانی کی کمپنی آج بھی دنیا بھر میں مقبول ہے اور انہیں کئی بڑے اعزازات سے نوازا جا چکا ہے، جن میں اطالوی حکومت کا آرڈر آف میرٹ اور امریکی فیشن کونسل کا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ شامل ہیں۔

ارمانی کے جانے سے فیشن کی دنیا میں ایک بڑا خلا پیدا ہوا ہے، لیکن ان کے ڈیزائنز اور ورثے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ٹیگز: