Wed, September 16, 2026

ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی فلاحی، سماجی اور ترقیاتی خدمات

ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی فلاحی، سماجی اور ترقیاتی خدمات

جنوبی بلوچستان میں ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت، روزگار اور عوامی فلاح کے شعبوں میں جو قابل ستائش کردار ادا کیا ہے وہ ایک جامع تبدیلی کی بنیاد بن چکا ہے۔ آج جنوبی بلوچستان کے وہ علاقے جہاں کبھی سہولیات کا فقدان تھا، وہاں اب ترقی کی واضح جھلک نظر آ رہی ہے، اور یہ سب ایک مربوط فلاحی ویژن کا نتیجہ ہے جس میں آگاہی، عمل اور ترقی تینوں عناصر ایک ساتھ شامل ہیں۔ گذشتہ ماہ مئی 2026 کے دوران ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی فلاحی سرگرمیوں کا مختصر جائزہ لیا جائے تو تربت میں منعقد ہونے والا منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی سیمینار ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبہ، اساتذہ اور سماجی نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس سیمینار میں مقررین نے منشیات کے جسمانی، نفسیاتی اور سماجی اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچانا صرف ایک ادارے کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اسی طرح ایف سی بلوچستان(سائوتھ) کے زیر اہتمام گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چتکان میں منعقد ہونے والا ”بلوچستان میں امن و سلامتی ایک مشترکہ ذمہ داری“ کے عنوان سے سیمینار بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی تھا۔ جس میں یہ بات واضح کی گئی کہ امن کسی ایک فریق کی کوشش سے قائم نہیں رہ سکتا بلکہ اس کے لیے ریاست، اداروں اور عوام سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔ ان سیمینارز نے نہ صرف شعور کو اجاگر کیا بلکہ نوجوانوں میں ایک مثبت سوچ کو بھی فروغ دیا۔ اب اگر ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی فلاحی تنظیم پرواز فائونڈیشن کے تحت کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ یہ ادارہ براہ راست انسانی فلاح و بہبود اور سماجی ترقی پر کام کر رہا ہے۔ بارشوں اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں گھروں کی مرمت اور بحالی کا کام مکمل کیا گیا۔ یہ اقدام نہ صرف ایک تعمیراتی عمل تھا بلکہ ایک انسانی ہمدردی کی عملی مثال بھی تھا جس نے متاثرہ افراد کو دوبارہ زندگی کی طرف لوٹنے کا موقع دیا۔ پرواز فائونڈیشن کے تحت تربت میں ڈرگ ڈی ٹاکسی فیکیشن سنٹر کی اپ گریڈیشن کے ذریعے منشیات کے عادی افراد کو طبی، نفسیاتی اور سماجی بحالی کی مزید بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جس کا مقصد صرف علاج نہیں بلکہ منشیات کے عادی افراد کو دوبارہ معاشرے کا فعال حصہ بنانا ہے۔ اس عمل نے نہ صرف انفرادی زندگیوں کو بہتر بنایا ہے بلکہ معاشرتی سطح پر بھی مثبت اثرات مرتب کیے ہیں اور منشیات کے خلاف شعور کو مضبوط کیا ہے۔ اسی طرح پرواز فائونڈیشن کے تحت تعلیمی اداروں کی بہتری پر بھی بھرپور توجہ دی گئی ہے۔ سکولوں کی تزئین و آرائش اور جدید لیبز کا قیام اور تعلیمی ماحول کی بہتری نے طلبہ کے لیے ایک بہتر مستقبل کی بنیاد رکھی ہے۔ نوجوانوں کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ چھوٹے کاروبار کے لیے مالی معاونت فراہم کی گئی جس کے ذریعے نوجوانوں نے اپنے کاروبار شروع کیے اور خود کفیل بننے کی طرف قدم بڑھایا۔ اس سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی آئی بلکہ مقامی معیشت بھی مضبوط ہوئی۔ کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلوں کا سامان مہیا کر کے انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے مواقع فراہم کیے گئے۔ بلوچستان سپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت شروع کیے گئے وسیع منصوبوں کا بنیادی مقصد جنوبی بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور انہیں ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا ہے۔ اس کے تحت کیچ، پنجگور، خاران، واشک اور دشت سمیت مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں کی بحالی اور تزئین و آرائش کا وسیع سلسلہ شروع کیا گیا۔ پرانے اور غیر فعال سکولوں کو دوبارہ فعال بنا کر تعلیمی ماحول کو سازگار بنایا گیا تاکہ طلبہ بہتر انداز میں تعلیم حاصل کر سکیں۔ اسی پروگرام کے تحت کئی سکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کی گئی تاکہ بجلی کی کمی کے باوجود تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔ یہ اقدامات تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور دور دراز علاقوں میں بھی تعلیم کو قابل رسائی بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہیں۔ صحت کے شعبے میں بھی BSDI کے تحت نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن، بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی اور مختلف علاقوں میں طبی یونٹس کے قیام نے عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی ہیں۔ بلیدہ میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل سنٹر کا قیام اس سلسلے کی ایک اہم مثال ہے جہاں او پی ڈی، لیبارٹری، ڈینٹل اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مریضوں کے لیے ریفرل سسٹم کو بھی بہتر بنایا گیا ہے تاکہ پیچیدہ کیسز کو بروقت بڑے ہسپتالوں تک منتقل کیا جا سکے۔ صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے بھی BSDI کا ایک اہم حصہ ہیں۔ مختلف علاقوں میں آر او پلانٹس نصب کیے گئے ہیں جو روزانہ ہزاروں لیٹر صاف پانی فراہم کر رہے ہیں۔ کڈان، کلاگ، آسیہ آباد تمپ اور دیگر علاقوں میں واٹر سپلائی سکیموں کی تکمیل نے عوام کی ایک بنیادی ضرورت کو پورا کیا ہے۔ صاف پانی کی دستیابی نے نہ صرف بیماریوں میں کمی پیدا کی ہے بلکہ معیار زندگی میں بھی واضح بہتری لائی ہے۔ یہ منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ بنیادی انسانی ضروریات کو پورا کرنا ترقی کا پہلا قدم ہے۔ مجموعی طور پر اگر دیکھا جائے تو ایف سی بلوچستان (سائوتھ) پرواز فائونڈیشن اور بلوچستان سپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت کیے گئے یہ تمام اقدامات ایک بڑے، مربوط اور پائیدار ترقیاتی ویژن کی عکاسی کرتے ہیں۔ ایک طرف بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور پانی کے منصوبے ہیں جبکہ دوسری طرف انسانی فلاح، بحالی، روزگار اور سماجی ترقی ہے، جس نے جنوبی بلوچستان کو ایک ایسے سفر پر گامزن کیا ہے جہاں امن کے ساتھ ساتھ ترقی، شعور اور خوشحالی بھی واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔ آج جنوبی بلوچستان، ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی قربانیوں اور مسلسل کوششوں کی بدولت ماضی کی پسماندگی سے نکل ترقی کی راہوں پر گامزن ہو چکا ہے۔

ٹیگز: