Wed, September 16, 2026

’فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان‘ کے خلاف جنگ ’جہاد‘ ہے: حافظ طاہر اشرفی کا کوئٹہ میں دو ٹوک اعلان

’فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان‘ کے خلاف جنگ ’جہاد‘ ہے: حافظ طاہر اشرفی کا کوئٹہ میں دو ٹوک اعلان

کوئٹہ : چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین نے کوئٹہ میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف سخت ترین قومی اور مذہبی بیانیہ جاری کر دیا ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازش کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کا خاتمہ شرعی و قومی فریضہ ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے انکشاف کیا کہ افغانستان کی سرزمین اس وقت ’فتنہ الخوارج‘ اور ’فتنہ الہندوستان‘ کے دہشت گردوں کا گڑھ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عناصر ہمسایہ ملک کی زمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں خونریزی کر رہے ہیں، جس کا مقصد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے ایک بڑا شرعی موقف اپناتے ہوئے اعلان کیا افغانستان میں چھپے ان دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو ہم جہاد سمجھتے ہیں۔ جو لوگ اسلام کا نام لے کر بے گناہوں کا قتل عام کر رہے ہیں، ان کا دین سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان کی بقا اور تحفظ کے لیے ان فتنہ پرور عناصر کا قلع قمع کرنا لازمی ہو چکا ہے۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی نے پریس کانفرنس میں عزم ظاہر کیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور تحفظ سب سے مقدم ہے اور عوام کا بچہ بچہ ملکی دفاع کے لیے پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔

ٹیگز: