Wed, September 16, 2026

چوہدری پرویز الٰہی پر 32 مقدمات: پنجاب پولیس کی رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع

چوہدری پرویز الٰہی پر 32 مقدمات: پنجاب پولیس کی رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع

لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف مقدمات کی تفصیلات پر سماعت کی گئی، جس دوران پنجاب پولیس کی جانب سے 32 مقدمات کے بارے میں رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

جسٹس طارق ندیم کی زیر صدارت لاہور ہائیکورٹ میں چوہدری پرویز الٰہی کی کیسز کی تفصیلات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ پنجاب پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پرویز الٰہی پر پنجاب بھر میں 32 مختلف مقدمات درج ہیں۔ عدالت نے رپورٹ وصول کرنے کے بعد کہا کہ اس کیس کو داخل دفتر کیا جاتا ہے، تاہم پرویز الہیٰ کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں رپورٹ کو دیکھ کر دلائل دینے کے لیے کچھ وقت دیا جائے، کیونکہ رپورٹ میں کچھ متضاد معلومات درج ہیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت 10 مارچ تک ملتوی کر دی۔ درخواست میں حکومت اور دیگر فریقین کو شامل کیا گیا ہے۔ وکیل کا موقف تھا کہ پرویز الٰہی کے خلاف مقدمات سیاسی بنیادوں پر درج کیے گئے ہیں اور حکومتی ادارے ان مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کر رہے، جس کی وجہ سے درخواست گزار کو کسی نامعلوم کیس میں گرفتار ہونے کا خدشہ ہے۔ عدالت نے تمام مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دینے کی درخواست پر غور کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس کے علاوہ، اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں چوہدری پرویز الہیٰ اور دیگر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پرویز الہیٰ کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی اور کیس کی سماعت 25 مارچ تک ملتوی کر دی۔

ٹیگز: