Wed, September 16, 2026

غذر کی 28 ہزار کلومیٹر زمین اب ریاست کی نہیں عوام کی ہے، قانون سازی پر عملدرآمد کے لیے بھاری اکثریت دیں: بلاول بھٹو

غذر کی 28 ہزار کلومیٹر زمین اب ریاست کی نہیں عوام کی ہے، قانون سازی پر عملدرآمد کے لیے بھاری اکثریت دیں: بلاول بھٹو

غذر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی 28 ہزار کلومیٹر زمین اب ریاست کی نہیں بلکہ یہاں کے عوام کی ملکیت بن چکی ہے، اور الیکشن جیت کر اس قابلِ کاشت زمین کو عوام میں تقسیم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع غذر میں اسٹیج پر موجود رہ کر ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے غذر کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور یہاں کے لوگوں کا نسلوں کا ساتھ ہے، اسی لیے غذر کو "منی لاڑکانہ" کہا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کو شناخت اور اسمبلی پیپلز پارٹی نے دی، اور اب یہاں کے عوام کو حقِ حاکمیت اور حقِ ملکیت دلوانا ہماری ذمہ داری ہے۔

سیاسی حریفوں پر تنقید کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ "کوئی ماضی میں وزیراعظم رہا ہے اور کوئی آج بھی ہے، لیکن مجھے ابھی تک عوام کی خدمت کا موقع نہیں ملا۔" انہوں نے خبردار کیا کہ اگر گلگت بلتستان میں کوئی اور حکومت آئی تو وہ ہماری کی گئی عوام دوست قانون سازی کو محض کاغذ کا ٹکڑا سمجھ کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیں گے، اس لیے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے یہاں 'جیالا وزیراعلیٰ' لانا ضروری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے غذر کی نشستوں میں اضافے اور اسلام آباد میں گلگت کا مقدمہ مضبوطی سے لڑنے کے لیے عوام سے بھاری مینڈیٹ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سندھ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھر بنائے جا رہے ہیں جن کی مالکانہ دستاویزات خواتین کو دی گئی ہیں، جس سے 10 لاکھ نوکریاں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ گلگت بلتستان میں بھی اسی طرز کے ہاؤسنگ منصوبے کا آغاز غذر سے کیا جائے گا اور سیلاب سے تباہ ہونے والی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔

خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم یہاں حکومت بنا کر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کا مشن مکمل کریں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مخالفین نے نوکریاں دینے پر محترمہ بے نظیر بھٹو پر کیسز بنائے، لیکن بی بی شہید نے واضح کیا تھا کہ اگر غریبوں کو نوکریاں دینا جرم ہے تو وہ یہ جرم بار بار کرتی رہیں گی۔ پیپلز پارٹی اپنے تمام وعدے پورے کرے گی۔

ٹیگز: