Wed, September 16, 2026

"اپنے بچے لندن، ورکرز کے بچے جیلوں میں"،مریم نواز کا کے پی حکومت کے 'شعور' والے بیانیے پر بھرپور طنز

راجن پور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راجن پور میں گرین بس سروس کے افتتاح کے موقع پر خیبر پختونخوا کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی حکومتیں عوام کا حق مار کر انہیں محض 'شعور' کے لارے دیتی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ کے پی میں جب کوئی اپنا حق مانگے تو اسے کہا جاتا ہے کہ ہم نے تمہیں شعور دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ "کیا لوگ روٹی اور دواؤں کی جگہ شعور کھائیں گے؟ ۔
 وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزیر سہیل آفریدی کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سوال پوچھنے والی بچی کو سیاسی جماعت کا لیبل لگا دینا شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں ورکر کے لیے قانون الگ اور حکمرانوں کے بچوں کے لیے الگ ہے۔ مریم نواز نے پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "ورکر کا بچہ تو 'شعور' کی بھینٹ چڑھ کر جیل میں ہے، جبکہ ان کے اپنے بچے لندن میں آرام کر رہے ہیں۔ یہ اپنے بچوں کو کہتے ہیں کہ پاکستان نہ آنا وہاں گرم ہوا لگے گی، مگر دوسروں کے بچوں کو آگ میں جھونک دیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت نعروں کے بجائے منصوبوں پر یقین رکھتی ہے، اسی لیے راجن پور کے عوام کے لیے جدید ٹرانسپورٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ٹیگز: