اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار یروشلم کی صورتحال پر منعقد ہونے والے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے اردن روانہ ہوگئے ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی کی دعوت پر عمان کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں بدھ کو عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس منعقد ہوگا۔
اجلاس میں عرب لیگ کے نمائندوں اور مختلف اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ ملاقات کا مقصد مقبوضہ یروشلم میں تیزی سے تبدیل ہوتی صورتحال کا جائزہ لینا اور اس معاملے پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہے۔
اجلاس کے شرکا اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے بھی ملاقات کریں گے اور خطے کے موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اجلاس کے دوران فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور ان کے حق خودارادیت کے لیے ملک کے مؤقف کو دہرائیں گے۔
دورے کے موقع پر وہ شریک ممالک کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، عالمی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر گفتگو ہوگی۔
پاکستان کی اس اجلاس میں شرکت فلسطین کے مسئلے پر اسلام آباد کے دیرینہ مؤقف کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان ایک آزاد، خودمختار اور مکمل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔