کراچی : پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں میں مزید اضافہ، جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس دوسرا ملجم کلاس جہاز 'پی این ایس خیبر' باضابطہ طور پر بحری بیڑے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، کراچی میں منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے ایک اہم تاریخی حقیقت سے پردہ اٹھایا۔ انہوں نے بتایا کہ 'معرکہ حق' کے دوران پاک بحریہ دشمن کے طیارہ بردار بحری جہاز (Aircraft Carrier) کو سمندر برد کرنے کے لیے مکمل تیار تھی، جس کے دباؤ اور خوف کی وجہ سے بھارتی بحریہ کو اپنی نام نہاد محفوظ پناہ گاہوں میں پیچھے ہٹنا پڑا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع ایک طاقتور اور جدید بحری قوت کا تقاضا کرتا ہے۔ پی این ایس خیبر اور مستقبل میں شامل ہونے والی ہنگور کلاس آبدوزیں پاک بحریہ کی آپریشنل لچک اور مار کرنے کی صلاحیت (Combat Power) میں بے پناہ اضافہ کریں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاک بحریہ اب ایسی مخصوص ٹیکنالوجیز سے لیس ہو رہی ہے جو دشمن کے اہم انفراسٹرکچر اور بحری اثاثوں کو ان کی حدود میں جا کر نشانہ بنانے کے قابل ہے۔ پاکستان کی سمندری حدود اور توانائی کی راہداریوں کو چیلنج کرنے والی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔