ملتان :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قاسم بیلہ میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ بچوں اور خواتین کے ساتھ وقت گزارا اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔
وزیراعلیٰ بچوں میں گھل مل گئیں، ان سے دوستانہ گفتگو کی اور مختلف تعلیمی سوالات کیے۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کو چاکلیٹ، بسکٹ، جوتے اور وردی پیک اپنے ہاتھوں سے تقسیم کیے۔
خواتین کے لیے ملبوسات اور دیگر گھریلو اشیاء کے تحائف دیے گئے۔ مریم نواز نے متاثرہ خاندانوں کے مسائل سنے اور انہیں یقین دلایا کہ گھروں کی بحالی کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کرے گی۔
انہوں نے ٹینٹوں میں صفائی، خوراک، طبی سہولیات اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ ریلیف کیمپ میں موجود ہیلتھ، ریسکیو اور دیگر کاؤنٹرز کا دورہ بھی کیا۔
اس موقع پر کمشنر ملتان عامر کریم اور ڈپٹی کمشنر وسیم سندھو نے وزیراعلیٰ کو انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔ مریم نواز نے متاثرہ بچوں کے لیے دودھ، کھانے اور ضروری اشیاء کی فوری فراہمی کی ہدایت بھی کی۔
دورے سے قبل وزیراعلیٰ کو ہیڈ محمد والا پر سیلابی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔