راولپنڈی: انسداد دہشت گردی کی عدالت میں آج 9 مئی سانحہ اور جی ایچ کیو حملہ سمیت 12 اہم مقدمات کی سماعت جج امجد علی شاہ کی میڈیکل رخصت کی وجہ سے بغیر کسی کارروائی کے 17 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
آج ان مقدمات کی جیل ٹرائل ہونا تھا مگر جیل ٹرائل کی تاریخ بھی غیر یقینی ہوگئی اور سماعت کچہری عدالت میں صرف حاضری کے اندراج تک محدود رہی۔
سرکاری پراسیکیوٹر ظہیر علی شاہ اور وکلاء صفائی ملک فیصل اور حسنین سنبل عدالت میں موجود تھے، جب کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی سماعت کے موقع پر موجود تھے۔
عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب اور شبلی فراز کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم کیس میں کوئی مزید پیش رفت نہیں ہو سکی۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں 119 گواہان کی فہرست ہے مگر اب تک صرف 27 کے بیانات قلمبند ہو سکے ہیں۔ ان مقدمات میں جی ایچ کیو گیٹ 4 پر حملے کا کیس بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جج کی دستیابی کی صورت میں اگلی سماعت پر کارروائی شروع ہونے کا امکان ہے، مگر سکیورٹی اور قانونی مسائل کی وجہ سے جیل ٹرائل کی تاریخ ابھی بھی غیر یقینی ہے۔