Wed, September 16, 2026

پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کا اعلان، جلد فلائٹ شیڈول جاری ہوگا

پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کا اعلان، جلد فلائٹ شیڈول جاری ہوگا

لندن: پاکستانی ہائی کمیشن نے خوشخبری دی ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) اس ماہ کے اندر برطانیہ کے لیے اپنی فلائٹس دوبارہ شروع کرنے جا رہی ہے۔ تاہم پروازوں کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی باقی ہے۔

یہ اطلاع برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے سماجی پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک پیغام میں دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کو برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے "فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ (FOP)" جاری کر دیا گیا ہے، جو پروازوں کی بحالی کے لیے درکار آخری دستاویز تھی۔

بیان کے مطابق:

"ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانوی حکام کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے یہ اجازت نامہ جاری کیا، جو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطوں کی بحالی کی جانب اہم قدم ہے۔"
مزید بتایا گیا کہ پی آئی اے کو پہلے ہی تھرڈ کنٹری آپریٹر (TCO) کا سرٹیفیکیٹ حاصل ہو چکا ہے۔ فضائی آپریشن کا آغاز ابتدائی طور پر مانچسٹر سے کیا جائے گا، جس کے بعد برمنگھم اور لندن کے لیے پروازیں بھی بحال کر دی جائیں گی۔

یاد رہے کہ 2020 میں کراچی کے ماڈل کالونی میں پی آئی اے کا ایک مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا، جس کے بعد پی آئی اے پر یورپی یونین، برطانیہ اور امریکا میں پروازوں پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ اس حادثے کے بعد اُس وقت کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی طرف سے متعدد پائلٹس کے لائسنسز کو مشکوک قرار دینے کے باعث پی آئی اے کی ساکھ کو مزید دھچکا لگا تھا۔

جولائی 2024 میں برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی واچ لسٹ سے نکال دیا تھا، جس کے بعد پی آئی اے کو برطانیہ میں دوبارہ پروازوں کی اجازت کے لیے درخواست دینے کا موقع ملا۔

برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے حالیہ دورہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے دوران پاکستانی ایوی ایشن سیکیورٹی اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا، جس کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی۔

یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے پر عائد سفری پابندی نومبر 2024 میں ختم کی گئی، جس سے قومی ایئر لائن کے بین الاقوامی آپریشنز بحال ہونے کی راہ ہموار ہوئی۔

ٹیگز: