Wed, September 16, 2026

پنجاب میں میرٹ کی بنیاد پر کام ہو رہا ہے، کرپشن برداشت نہیں: مریم نواز

پنجاب میں میرٹ کی بنیاد پر کام ہو رہا ہے، کرپشن برداشت نہیں: مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں ہر تعیناتی مکمل طور پر میرٹ پر کی جا رہی ہے اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہو رہا ہے، اور حکومت کے تمام کام شفاف طریقے سے کیے جا رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس وفد میں پاکستان کی آرمی، نیوی، ایئر فورس، سول افسران کے علاوہ 26 ممالک کے افسران بھی شامل تھے۔

مریم نواز نے وفد کو پنجاب حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ اب پنجاب میں سیاسی سفارش یا اقرباپروری کے تحت بھرتیاں نہیں ہوتیں۔ حکومتی فیصلے عوام کی بہتری کے لیے لیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وطن ماں کی طرح ہوتا ہے، اور اس کے ساتھ بے وفائی ناقابلِ برداشت ہے۔

وزیراعلیٰ نے پاکستان کی فوج، نیوی اور ایئر فورس کو آپریشن "بُنیان مرصوص" کی کامیابی پر مبارکباد دی اور عسکری قیادت، خصوصاً فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں امن و امان بہتر ہوا ہے، سیلاب کے دوران بروقت انخلا کیا گیا، اور متاثرہ لوگوں کی نشاندہی کے لیے جدید ڈرونز استعمال کیے گئے۔

مزید کہا کہ پنجاب کی زراعت کو پہلی بار جدید مشینری سے لیس کیا جا رہا ہے ،کینسر کے علاج کے لیے نئی مشینیں لائی گئی ہیں اور  سموگ سے بچاؤ کے لیے 15 سموگ گنز درآمد کی گئی ہیں۔
وفد نے پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ یہ منصوبے واقعی قابلِ تعریف اور حیران کن ہیں۔

ٹیگز: