قصور : واہگہ کے بعد گنڈا سنگھ والا بارڈر کی فضا بھی "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی۔ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کی جانب سے طاقتور دفاعی مظاہرہ کیا گیا۔
گنڈا سنگھ بارڈر پر منعقدہ اس پروقار تقریب میں پاک فوج کے دستوں نے خصوصی پریڈ پیش کی۔ جوانوں کی منظم قدم تال اور عسکری نظم و ضبط نے دیکھنے والوں کو ورطہِ حیرت میں ڈال دیا۔ عسکری ماہرین کے مطابق یہ تقریب جہاں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابیوں کا جشن تھی، وہیں دشمن کے لیے ایک واضح پیغام بھی تھی کہ ارضِ پاک کی حفاظت پر مامور جوان ہر پل چوکنا ہیں۔
تقریب میں شہریوں کی ریکارڈ توڑ شرکت نے ثابت کر دیا کہ عوام کے دل اپنی افواج کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ سرحد پر موجود مقامی افراد اور دور دراز سے آئے مہمانوں نے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔ایک سال قبل اسی دن پاک فوج نے اس اہم معرکے کے ذریعے سرحدوں کو استحکام بخشا تھا۔ شرکاء نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر پرچم اتارنے کی روایتی تقریب میں بھی غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ "بنیان مرصوص" (سیسہ پلائی ہوئی دیوار) کا عنوان صرف ایک نام نہیں بلکہ پاکستان کے دفاع کی حقیقت ہے۔ اس موقع پر ملک کی ترقی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وطنِ عزیز کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔