Wed, September 16, 2026

ہنزہ کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے بہترین مواقع فراہم کریں گے: آصفہ بھٹو زرداری

ہنزہ کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے بہترین مواقع فراہم کریں گے: آصفہ بھٹو زرداری


ہنزہ:پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ پی پی پی گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور صحت کی بہترین سہولیات فراہم کر کے خطے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ علی آباد، ہنزہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود ہی ہماری سیاست کا بنیادی محور ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں ہنزہ کے عوام کی محبت اور جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں آکر انہیں دلی مسرت ہوئی ہے، گلگت کے لوگوں نے ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور پیپلز پارٹی ان کے اس جذبے کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خطے کے عوام کے ساتھ دلوں کا رشتہ ہے۔

انہوں نے انتخابی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا دن عوام کے فیصلے کا دن ہوتا ہے اور عوام کو یہ جاننا ہوگا کہ 'تیر' کا نشان محض ایک انتخابی علامت نہیں، بلکہ یہ غریبوں کی امید اور ملک میں جمہوریت کی پہچان ہے۔

قائدین کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے رہنما پی پی پی کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو حقوق دلانے کے لیے جدوجہد کا آغاز کیا تھا اور شہید بے نظیر بھٹو نے اسی جمہوریت اور عوامی بقا کے لیے اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی ماضی کی طرح آج بھی گلگت بلتستان کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی اور خطے کے غریب عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ٹیگز: