Wed, September 16, 2026

رام چرن کے ہمشکل مداح نے تقریب میں ہلچل مچا دی، ویڈیو وائرل

رام چرن کے ہمشکل مداح نے تقریب میں ہلچل مچا دی، ویڈیو وائرل

ممبئی:  ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں انہیں ایک پروموشنل تقریب کے دوران خوفزدہ اور پریشان حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ منظر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور صارفین کی بڑی تعداد کی توجہ اس جانب مبذول ہو گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ فلم ’پیڈی‘ کی تشہیری تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں اداکار رام چرن اور جھانوی کپور اپنی نئی تیلگو فلم کی پروموشن میں شریک تھے۔

اسی دوران ایک مداح جذباتی ہو کر سیکیورٹی حصار کو توڑتے ہوئے اسٹیج کے قریب پہنچ گیا، جس سے کچھ دیر کے لیے تقریب کے ماحول میں ہلکی سی بد نظمی پیدا ہو گئی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رام چرن سے مشابہت رکھنے والا ایک شخص سیکیورٹی اہلکاروں کو چکمہ دے کر اسٹیج تک جا پہنچا اور اداکاروں سے ملاقات کی کوشش کرنے لگا۔

اس موقع پر سیکیورٹی ٹیم اور اٹلی کے شہر فلورنس سے تعلق رکھنے والے ایم ایم اے فائٹر کیون کنٹا نے فوری مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کر لیا۔

واقعے کے دوران جھانوی کپور واضح طور پر گھبراہٹ اور خوف کے تاثرات کے ساتھ دیکھی گئیں، اور ان کی یہ ویڈیو بعد ازاں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے پھیل گئی۔

بعدازاں مذکورہ مداح کو رام چرن سے ملاقات کا موقع بھی فراہم کیا گیا، جہاں وہ جذباتی ہو کر اداکار کے قدموں میں جھک گیا۔

تاہم اس پورے واقعے میں سب سے زیادہ توجہ جھانوی کپور کے ردعمل کو ملی، جو اچانک پیدا ہونے والی صورتحال پر شدید پریشانی اور خوف میں مبتلا نظر آئیں۔

واضح رہے کہ فلم ’پیڈی‘ 4 جون کو ریلیز کی جائے گی، جس کی ہدایت کاری بوچی بابو ثنا کر رہے ہیں، جبکہ کاسٹ میں رام چرن اور جھانوی کپور کے ساتھ شیو راجکمار، جگپتی بابو، دیویندو اور بومن ایرانی بھی شامل ہیں۔

ٹیگز: