Wed, September 16, 2026

سندھ، پنجاب اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارش ، 5 ہلاکتیں، ہسپتالوں میں ایمرجنسی  کی صورتحال

سندھ، پنجاب اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارش ، 5 ہلاکتیں، ہسپتالوں میں ایمرجنسی  کی صورتحال

ملتان، سکھر، مظفر آباد :ملک کے مختلف صوبوں میں اچانک آنے والے مٹی کے ہولناک طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارڈر لائن بارشوں نے قیامت خیز صورتحال پیدا کر دی ہے۔ سندھ، پنجاب اور آزاد کشمیر میں چھتیں، دیواریں، وزنی سائن بورڈز اور سولر پینلز گرنے کے باعث 5 افراد جاں بحق اور 140 سے زائد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ متاثرہ اضلاع کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
 مٹی کے طوفان نے سب سے زیادہ دادو شہر کو نشانہ بنایا، جہاں مختلف حادثات میں 1 شخص جاں بحق اور 120 سے زائد شہری زخمی ہو گئے۔ نواب شاہ، ٹنڈو الہ یار، نوشہرو فیروز اور خیرپور میں بھی درجنوں درخت اور بجلی کے پول اکھڑ گئے۔
 تیز اندھیر کے باعث گھروں کی چھتوں پر نصب بھاری سولر پلیٹیں اکھڑ کر گرنے سے 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔آندھی کی شدت کے باعث ایک مسجد کا گنبد گرنے سے 1 نمازی جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے، جو مسجد میں نماز ادا کر رہے تھے۔طوفانی گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی گرنے کی زد میں آ کر 14 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔
تیز ہواؤں اور مٹی کے طوفان کی وجہ سے نواب شاہ، خیرپور، دادو اور رحیم یار خان سمیت کئی اضلاع میں ہائی وولٹیج پول گرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ کروڑوں روپے مالیت کے سولر پینلز، سائن بورڈز اور باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
 ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے زخمیوں کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے اور ہسپتالوں میں خون کے عطیات کی اپیل کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو کمزور دیواروں اور چھتوں کے نیچے پناہ نہ لینے کی تاکید کی ہے۔

ٹیگز: