کراچی: مقامی صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں کا بڑھنے کا رجحان برقرار ہے اور مسلسل دوسرے روز بھی اس کی قیمت میں نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 12 ہزار 200 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے تک پہنچ گئی۔
اسی طرح 10 گرام خالص سونے کی قیمت 10 ہزار 459 روپے بڑھنے سے 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے ہو گئی۔
ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونے کی قیمت 122 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 185 ڈالر ہو گئی۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی سونے کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جب فی تولہ سونا 9 ہزار 100 روپے مہنگا ہوا تھا۔ یوں دو روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت مجموعی طور پر 21 ہزار 300 روپے بڑھ چکی ہے۔