اسلام آباد:پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ملک کو امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے اہم ترین مذاکرات میں شرکت کی دعوت موصول ہو گئی ہے۔ یہ پیش رفت مشرقِ وسطیٰ میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل قرار دی جا رہی ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے مابین مذاکرات کا یہ دور ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقد ہو رہا ہے۔ پاکستان کو اس عمل میں بطور اہم علاقائی فریق شامل کیا گیا ہے۔
حکومتِ پاکستان اس وقت وفد کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کر رہی ہے۔ مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کون کرے گا؟ اس کا حتمی فیصلہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں متوقع ہے۔
قوی امکان ہے کہ وزیرِ خارجہ یا کوئی خصوصی سفیر اس مشن پر استنبول روانہ ہوں گے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان برف پگھلانے کے لیے پاکستان کا کردار کلیدی رہا ہے۔ استنبول مذاکرات کی کامیابی سے خطے میں معاشی اور دفاعی استحکام کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔