Wed, September 16, 2026

پاکستان اور ایران کی تجارت 8 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر

پاکستان اور ایران کی تجارت 8 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر

اسلام آباد : اسلام آباد میں پاکستان اور ایران کے وزرائے تجارت جام کمال اور محمد آتابک کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے اپنی دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے اور اسے سالانہ 8 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف طے کیا۔

ملاقات میں سرحدی تعاون بڑھانے، تجارتی راہداریوں کو فعال بنانے اور مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کو جلد منعقد کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ وفاقی وزیر جام کمال نے کہا کہ جغرافیائی قربت کو تجارتی مواقع میں بدلنے کا وقت آ گیا ہے، اور اس سے نہ صرف دونوں ملکوں کی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ عوام کے درمیان تعلقات بھی گہرے ہوں گے۔

ایرانی وزیر نے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تجارتی تعاون کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کا ایک دوسرے پر مکمل اعتماد خطے میں امن اور استحکام کا باعث بنے گا۔

دونوں طرف سے پاکستان سے ایران برآمدات بڑھانے، تجارتی وفود کے تبادلے، اور مختلف شعبوں جیسے زراعت، توانائی، مویشی پالنا اور آئی ٹی میں تعاون کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سرحدی سہولیات کو بہتر بنا کر تجارت کو آسان بنایا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط مزید مضبوط ہوں۔

ٹیگز: