لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) پنجاب نے صوبے کو بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران مختلف شہروں سے 21 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 214 آپریشنز کیے گئے۔ ان ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے کئی اہم ٹھکانے تباہ کیے گئے۔ کارروائیوں کے اہم مراکز درج ذیل رہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور شیخوپورہ، خانیوال، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات، پاکپتن اور بہاولپور۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کے پاس سے دستی بم، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان، ٹائم ڈیوائسز اور ممنوعہ لٹریچر برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ یہ گروہ صوبے کی اہم تنصیبات اور عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
ترجمان نے مزید واضح کیا کہ گرفتار دہشت گردوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ان کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔