اسلام آباد / پشاور :ملک بھر میں موسم کی انگڑائی، محکمہ موسمیات نے آج سے بارشوں کے ایک نئے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے جس کے باعث مغربی ہوائیں بالائی علاقوں پر اثر انداز ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ نئے موسمیاتی سسٹم کے تحت پنجاب کے طول و عرض میں آج سے 5 جون تک شدید آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارانِ رحمت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پی ایم ڈی نے صوبے کے مختلف حصوں میں ژالہ باری کی بھی وارننگ دی ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا میں گرمی کی حالیہ لہر کے بعد صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے، جہاں گلیشیئرز پگھلنے اور گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF) کے باعث اچانک سیلابی ریلوں کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے (PDMA) نے چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کے اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے مقامی محکموں کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کا حکم دے دیا ہے۔