Wed, September 16, 2026

غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے فریڈم فلوٹیلا کی نئی کوشش، گریٹا تھنبرگ بھی قافلے کا حصہ

غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے فریڈم فلوٹیلا کی نئی کوشش، گریٹا تھنبرگ بھی قافلے کا حصہ

اٹلی : غزہ میں جاری اسرائیلی محاصرے اور انسانی بحران کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے فریڈم فلوٹیلا اتحاد ایک بار پھر امدادی سامان لے کر سمندری راستے سے غزہ جانے کے لیے تیار ہے۔ اس بار اس قافلے میں عالمی شہرت یافتہ ماحول دوست کارکن گریٹا تھنبرگ بھی شامل ہیں۔

جہاز کے منتظمین نے بتایا کہ یہ قافلہ اطالوی بندرگاہ سسلین سے آج شام روانہ ہو گا۔ اس کا مقصد صرف امداد پہنچانا نہیں بلکہ دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔

روانگی سے پہلے ایک پریس کانفرنس میں گریٹا تھنبرگ نے کہا "ہم یہ سفر اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ ہم غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں۔ اگر ہم نے ظلم کے خلاف کھڑا ہونا چھوڑ دیا تو ہم اپنی انسانیت کھو بیٹھیں گے۔" انہوں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری ظلم کو کھل کر نسل کشی قرار دیا اور عالمی برادری کی خاموشی کو سب سے بڑا خطرہ کہا۔

یاد رہے کہ فریڈم فلوٹیلا کا ایک قافلہ پہلے بھی غزہ کے لیے روانہ ہوا تھا، جس پر اسرائیلی فوج نے حملہ کیا تھا اور کئی عام شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ اب کی بار بھی خطرہ اپنی جگہ موجود ہے، مگر کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہ سفر امید، مزاحمت اور انسانیت کی آواز ہے۔

اس وقت اسرائیلی محاصرے کی وجہ سے غزہ میں خوراک، ادویات اور بنیادی سہولیات کی شدید قلت ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 54 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے۔

ٹیگز: