Wed, September 16, 2026

سندھ حکومت جیلوں میں اصلاحات کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، مراد علی شاہ

سندھ حکومت جیلوں میں اصلاحات کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، مراد علی شاہ

اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت جیلوں میں اصلاحات کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے تاکہ قیدیوں کو بہتر سہولیات، قانونی معاونت اور فنی تعلیم فراہم کی جا سکے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں جیل اصلاحات سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہے اور قانون کا احترام ہر فرد پر لازم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن ممالک میں قانون کی بالادستی قائم ہوتی ہے، وہ ترقی کی راہ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً 26 لاکھ مقدمات زیر التوا ہیں، جبکہ سندھ حکومت نے مالی مشکلات کا شکار قیدیوں کو قانونی امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 34 ہزار قیدیوں کو لیگل ایڈ فراہم کی جا چکی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جیلوں میں لائبریریوں کا قیام، قیدیوں کو تکنیکی و ہنر مندانہ تعلیم کی فراہمی اور دیگر اصلاحاتی اقدامات جاری ہیں تاکہ رہائی کے بعد وہ باعزت طریقے سے معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جیلوں کو صرف سزا دینے کے مراکز کے بجائے اصلاح، بحالی اور انسانی وقار کے فروغ کے اداروں میں تبدیل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کو معیاری طبی سہولیات، صاف ستھرا ماحول اور بہتر خوراک کی فراہمی بھی اصلاحاتی پروگرام کا اہم حصہ ہے۔

ٹیگز: