نئی دہلی: بولی وڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان کو ان کے 33 سالہ شاندار فلمی کیریئر کے دوران پہلی مرتبہ بھارت کی حکومت کی جانب سے نیشنل فلم ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اگرچہ شاہ رخ خان نے 1988 میں بھارتی سرکاری ٹی وی چینل دوردرشن پر ڈراموں کے ذریعے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، مگر ان کی پہلی فلم دیوانہ 1992 میں منظر عام پر آئی تھی۔
شاہ رخ خان نے اپنی ابتدائی فلم سے ہی شائقین کے دل جیت لیے اور محض ایک سال میں سات مختلف فلموں میں کام کر کے بولی وڈ کے بادشاہ بن گئے۔
اپنے 33 سالہ کیریئر میں شاہ رخ خان نے کئی کامیاب اور یادگار فلمیں دیں، اور مختلف نجی ایوارڈز بھی جیتے، تاہم انہیں کبھی بھی بھارتی حکومت کی جانب سے نیشنل فلم ایوارڈ نہیں ملا تھا۔
اب بھارت کی حکومت نے جوان فلم میں ان کی بہترین اداکاری کو سراہتے ہوئے انہیں نیشنل فلم ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
شاہ رخ خان کو جوان میں بہترین پرفارمنس کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ ان کے ساتھ اداکار وکرانت میسی کو بھی بارہویں فیل میں شاندار اداکاری پر بہترین اداکار کا ایوارڈ ملے گا۔
اداکارہ رانی مکھرجی کو مسز چترویجی ورسز ناروے میں شاندار پرفارمنس کے بدلے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا جائے گا۔
بھارتی حکومت کی جانب سے نیشنل فلم ایوارڈ کا اعلان ہونے کے بعد شاہ رخ خان نے ایک ویڈیو پیغام میں حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کے لیے فخر کا باعث ہے اور یہ ان کے کام کی سچائی اور محنت کی غمازی کرتا ہے۔
انہوں نے جوان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کے لیے نہ صرف ایک اعزاز ہے بلکہ ایک نیا چیلنج بھی ہے، جس سے وہ مزید بہتر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔
ویڈیو میں شاہ رخ خان کے بازو پر پٹی بندھی ہوئی تھی، اور انہوں نے خود بتایا کہ ان کا بازو مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنا بازو روایتی انداز میں نہیں پھیلا پائے۔
اگرچہ شاہ رخ خان نے اپنی انجری کی نوعیت کے بارے میں تفصیل سے نہیں بتایا، لیکن انہوں نے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ جلد ہی اسکرین پر واپس آ جائیں گے۔ چند دن قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ شاہ رخ خان فلم کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد وہ علاج کے لیے امریکہ روانہ ہوئے تھے، اور اب ویڈیو میں ان کے بازو پر پٹی دیکھی گئی۔