لاہور : پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بالاآخر اپنی شکستوں کا جمود توڑ دیا۔ ایونٹ کے نویں معرکے میں یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 184 رنز کا ہدف محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح درج کروا لی۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی، لیکن اسلام آباد کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے ان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار نظر آئی۔
نوجوان بلے باز حسن نواز نے 66 رنز کی برق رفتار اننگ کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 183 تک پہنچایا۔سعود شکیل نے 42 رنز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا، تاہم دیگر بلے باز بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتح کی بنیاد ان کے کپتان شاداب خان نے رکھی۔ شاداب نے اہم مواقع پر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عماد وسیم اور سلمان ارشاد نے ایک ایک مہرہ آؤٹ کر کے کوئٹہ کی رنز بنانے کی رفتار کو کنٹرول میں رکھا۔
184 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے کوئٹہ کے باؤلرز کو کسی خاطر میں نہ لایا۔ بہترین پارٹنرشپ اور جارحانہ شاٹس کی بدولت یونائیٹڈ نے یہ ہدف 8 وکٹیں باقی رہتے ہی حاصل کر لیا۔ اس جیت نے پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوزیشن کو بہتر بنا دیا ہے اور ٹیم کا مورال بلند کر دیا ہے۔