اسلام آباد: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں زیرِ زمین صاف پانی کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلی وقت کے ساتھ سنگین چیلنج بنتی جا رہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔ شہری پانی کے بے دریغ استعمال اور آلودگی سے گریز کریں اور پانی کے وسائل کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اسلام آباد کے بڑے ڈیمز پانی ذخیرہ کرنے کا اہم ذریعہ ہیں، اس لیے ڈیموں کے پانی کو آلودگی سے محفوظ بنانا بھی ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پانی کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح اور ریڈ لائن ہے، پانی کے ذخائر کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔