کراچی: معروف پاکستانی گلوکار فیصل کپاڈیا نے ایک انٹرویو میں حیران کن انکشاف کیا کہ سینئر بھارتی اداکارہ ڈمپل کپاڈیا ان کی بھتیجی ہیں، اور اسی حساب سے ٹوئنکل کھنہ بھی ان کے رشتے دار ہیں۔
فیصل کپاڈیا نے بتایا کہ کم عمری میں ہی انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر گلوکاری شروع کر دی تھی، جس پر بھارت میں موجود ان کے رشتے داروں نے انہیں بولی وڈ میں موقع دلانے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈمپل کپاڈیا کے والد چنی بھائی کپاڈیا 1984 میں کراچی آئے اور ان کی گلوکاری سن کر کہا کہ وہ انہیں بولی وڈ میں لے جائیں گے۔
بعد ازاں، فیصل کپاڈیا نے 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ’زندہ‘ میں گانا ’یہ ہے میری کہانی‘ گایا، اور اس کے بعد دیگر گانے بھی کیے۔ انہوں نے بتایا کہ بولی وڈ میں کام کرنے سے پہلے وہ عالمی سطح پر بھی گلوکاری کر چکے تھے، اور ان کی آواز فلم ’اسپائیڈر مین‘ میں بھی شامل تھی۔
فیصل کپاڈیا نے واضح کیا کہ چنی بھائی کپاڈیا ان کے کزن تھے، اس لیے ڈمپل کپاڈیا ان کی بھتیجی اور ٹوئنکل کھنہ ان کی پوتی بنیں، جبکہ اکشے کمار ان کے داماد ہیں۔