اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے حالیہ دنوں میں برطانیہ، ازبکستان اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں، جن میں عالمی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ سمیت ہر بین الاقوامی فورم پر قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور رواں ماہ ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار نے ازبک وزیر خارجہ سے بات چیت میں پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے منصوبے پر تفصیلی گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس منصوبے کو خطے کے لیے معاشی ترقی اور رابطے کا اہم ذریعہ قرار دیا اور جلد فریم ورک معاہدے پر دستخط کی تیاری پر بھی مشورہ کیا۔
اسی طرح آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بایراموف سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ آذربائیجان کے دوران دی گئی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے جولائی 2025 میں آذربائیجان میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) سربراہی اجلاس کی تیاریوں پر بھی بات کی۔