اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ریلیف کے بعد عوام کے لیے ایک اور خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جولائی کے مہینے کے لیے ایل پی جی کے نئے نرخ جاری کر دیے ہیں۔
اوگرا کے اعلامیے کے مطابق مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی فی کلو قیمت میں 67 روپے 33 پیسے کی نمایاں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد قیمت 308 روپے 76 پیسے سے کم ہو کر 241 روپے 43 پیسے فی کلو رہ گئی ہے۔
اسی طرح 11.8 کلوگرام وزنی گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں بھی 794 روپے 50 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ نئی قیمت کے مطابق یہ سلنڈر اب 3 ہزار 643 روپے 41 پیسے کے بجائے 2 ہزار 848 روپے 91 پیسے میں دستیاب ہوگا۔
ادھر بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بدستور اتار چڑھاؤ کا شکار ہیں، جبکہ کویت، دبئی اور سری لنکا سمیت مختلف ممالک میں بھی پیٹرولیم مصنوعات سستی کی جا چکی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو پاکستان میں آئندہ قیمتوں کے جائزے کے دوران پیٹرول اور ڈیزل مزید سستے ہونے کا امکان موجود ہے، تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ وفاقی حکومت ہی کرے گی۔