Wed, September 16, 2026

گوگل کا جی میل مزید اسمارٹ، آواز کے ذریعے ای میلز تلاش کرنے کا نیا اے آئی فیچر متعارف

گوگل کا جی میل مزید اسمارٹ، آواز کے ذریعے ای میلز تلاش کرنے کا نیا اے آئی فیچر متعارف

کیلیفورنیا: گوگل نے اپنی ای میل سروس جی میل میں مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک اور جدید سہولت شامل کرنے کا آغاز کر دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین صرف بول کر اپنی مطلوبہ ای میلز تلاش کر سکیں گے۔

جی میل لائیو کے نام سے متعارف کرایا جانے والا یہ فیچر فی الحال محدود صارفین کے لیے بیٹا ورژن میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر دستیاب کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس نئی ٹیکنالوجی کے بعد ای میل ان باکس میں کسی بھی پیغام کو ڈھونڈنے کے لیے ٹائپنگ کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ صارف اپنی آواز کے ذریعے جی میل کو ہدایات دے کر مطلوبہ ای میل یا اس کا متن فوری طور پر تلاش کر سکیں گے۔

یہ سہولت گوگل کے جیمنائی لائیو سے متاثر ہو کر تیار کی گئی ہے، جہاں صارف مصنوعی ذہانت سے براہِ راست وائس گفتگو کرتے ہیں۔ اب یہی ٹیکنالوجی جی میل میں شامل کی جا رہی ہے تاکہ ای میلز تک رسائی مزید تیز اور آسان بنائی جا سکے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آنے والے مہینوں میں اس فیچر کو صرف جی میل تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے گوگل ڈاکس اور گوگل ڈرائیو میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

فیچر فعال ہونے کے بعد جی میل کے سرچ آپشن میں ایک نیا لائیو آئیکون اور جیمنائی بٹن دکھائی دے گا۔ اس پر کلک کرتے ہی فل اسکرین انٹرفیس کھل جائے گا، جہاں صارف آواز کے ذریعے مخصوص ای میلز یا ان کے مواد کی تلاش کے لیے کمانڈ دے سکیں گے۔

گوگل نے اس نئی اے آئی سہولت سے پہلی بار مئی 2026 میں اپنی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران پردہ اٹھایا تھا، جبکہ اب کمپنی نے اسے مرحلہ وار صارفین کے لیے جاری کرنا شروع کر دیا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں یہ فیچر صرف گوگل اے آئی پرو اور گوگل اے آئی الٹرا سبسکرپشن رکھنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا، بعد ازاں اسے مزید صارفین تک توسیع دی جائے گی۔

ٹیگز: