Wed, September 16, 2026

لاہور کی سڑکوں پر ہیلمٹ پابندی کی بہتر صورتحال، اے آئی سروے میں 97 فیصد سے زائد شہری پابند نکلے

لاہور کی سڑکوں پر ہیلمٹ پابندی کی بہتر صورتحال، اے آئی سروے میں 97 فیصد سے زائد شہری پابند نکلے

لاہور: سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی جانب سے آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے ذریعے کیے گئے ہیلمٹ سروے کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے مطابق ماڈل روڈز پر موٹرسائیکل سواروں کی اکثریت نے ہیلمٹ کا استعمال کیا۔

رپورٹ کے مطابق شہر کی 17 اہم شاہراہوں اور چوکوں پر مخصوص اوقات کے دوران اے آئی سسٹم کے ذریعے موٹرسائیکل سواروں کے ہیلمٹ استعمال کا جائزہ لیا گیا۔ سروے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 64 ہزار 112 موٹرسائیکلوں کی نگرانی کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق 2 لاکھ 56 ہزار 473 موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے، جبکہ 7 ہزار 639 افراد بغیر ہیلمٹ کے سفر کرتے پائے گئے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق سروے کے نتائج میں سامنے آیا کہ ماڈل روڈز پر 97 فیصد سے زائد موٹرسائیکل سوار حفاظتی ہیلمٹ استعمال کر رہے تھے، جو شہریوں میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے رجحان میں بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔

حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک قوانین کی نگرانی، خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور شہریوں کو محفوظ سفر کی ترغیب دینے کے اقدامات مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں۔

ٹیگز: