نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیوں کے باعث غزہ کے شہری نہ صرف محصور ہو گئے ہیں بلکہ بار بار نقل مکانی پر بھی مجبور ہیں۔ خوراک کی قلت دن بدن بڑھتی جا رہی ہے، جس سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔
عاصم افتخار نے مطالبہ کیا کہ غزہ تک انسانی امداد کی رسائی پر عائد رکاوٹیں ختم کی جائیں اور شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے زور دیا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے جلد از جلد ایک اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی امن کانفرنس بلائی جائے، تاکہ مسئلے کا منصفانہ اور دیرپا حل نکالا جا سکے۔ پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سلامتی کونسل مزید تاخیر کیے بغیر دوٹوک اور فیصلہ کن قدم اٹھائے۔