کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ حکومت کے خلاف نیا محاذ کھولتے ہوئے انتظامیہ کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ انہوں نے کراچی میں ہونے والے پے در پے حادثات اور انتظامی بے حسی کو سندھ حکومت کی "چارج شیٹ" قرار دے دیا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ شہر میں سانحات معمول بن چکے ہیں لیکن انتظامیہ کے پاس لوگوں کو بچانے کے لیے بنیادی وسائل تک موجود نہیں۔ کامران ٹیسوری نے الزام لگایا کہ حکومت حادثات کے بعد لواحقین کو چند ٹکے دے کر ان کی زبان بند کروا دیتی ہے، جبکہ روک تھام کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں کی جاتی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ کراچی سے بھاری ٹیکس وصول کیا جاتا ہے مگر اس کا 5 فیصد بھی شہر پر خرچ نہیں ہو رہا۔ انہوں نے اسے "ٹیکس گردی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سے کمایا تو جا رہا ہے مگر لگایا نہیں جا رہا۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جب انہوں نے عوامی مسائل اور سانحات پر آواز بلند کی تو حکومت حرکت میں آئی اور لواحقین کا کام آسان ہوا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ محض رقم بانٹنے کے بجائے مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے انتظامات واضح کیے جائیں۔