لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ امریکی بزنس وفد کی پنجاب میں موجودگی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعلقات کو سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
امریکی اعلیٰ سطح کے کاروباری وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نجی شعبوں کے درمیان مضبوط شراکت داری معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ملک کی ترقی اور معاشی نمو کا اہم محرک ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب قومی جی ڈی پی میں 55.7 فیصد حصہ ڈالتا ہے، جبکہ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں صوبے کا حصہ 48 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے پاس نوجوان، ہنرمند اور محنتی افرادی قوت موجود ہے جو طویل المدتی اقتصادی ترقی کے لیے اہم اثاثہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔