Wed, September 16, 2026

ٹرمپ کی ایران کو دھمکی، جوہری معاہدہ نہ کرنے پر بمباری کی وارننگ

ٹرمپ کی ایران کو دھمکی، جوہری معاہدہ نہ کرنے پر بمباری کی وارننگ

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ اگر وہ جوہری ہتھیار بنانے کا عمل جاری رکھے گا تو امریکہ اسے بمباری کا نشانہ بنا سکتا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بات ایک انٹرویو کے دوران کہی اور کہا کہ اگر ایران جوہری معاہدہ کرنے سے انکار کرتا ہے تو بمباری کی جائے گی۔

اس کے ساتھ ہی ٹرمپ نے ایران پر مزید دباؤ ڈالنے کے لیے اضافی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی بھی دی۔ اس سے قبل بھی امریکی صدر نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر وہ جوہری معاہدہ کرنے میں ناکام رہا تو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایران کو ایک خط بھیجا ہے جس میں کہا کہ ایران کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ مذاکرات کے لیے آئے گا یا پھر حالات مزید خراب ہوں گے۔

ایران نے ٹرمپ کے اس خط کا جواب دیتے ہوئے براہ راست مذاکرات سے انکار کر دیا ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ براہ راست بات چیت کا کوئی امکان نہیں ہے، تاہم ایران ہمیشہ بالواسطہ مذاکرات کے لیے تیار رہا ہے۔

یاد رہے کہ مارچ میں ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے ایرانی قیادت کو جوہری معاہدے کے بارے میں ایک خط بھیجا ہے۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران سے دو طریقوں سے نمٹا جا سکتا ہے: ایک عسکری طریقہ اور دوسرا معاہدہ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ایران کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، کیونکہ ایرانی عوام بہت اچھے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی کہا کہ ایران نے عمان کے ذریعے ٹرمپ کے خط کا جواب دے دیا ہے، جس میں ایران کا موقف واضح کیا گیا ہے۔

ٹیگز: