لاہور : آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل پاکستان جونیئر ٹیم کے اسکواڈ میں ہنگامی تبدیلی کر دی گئی ہے۔ نوجوان بلے باز محمد شایان ناک کی ہڈی میں فریکچر کے باعث میگا ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں، جن کی جگہ عبدالقادر کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ٹیم ذرائع کے مطابق محمد شایان ٹریننگ سیشن کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہوئے، جس کے نتیجے میں ان کی ناک کی ہڈی فریکچر ہوگئی۔ طبی معائنے کے بعد انہیں ٹورنامنٹ کے لیے ان فٹ قرار دے دیا گیا، جو کہ پاکستان کے لیے ایک بڑا نقصان تصور کیا جا رہا ہے۔
آئی سی سی کے سخت قوانین کے تحت ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کی تبدیلی کے لیے ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت درکار ہوتی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے میڈیکل رپورٹس جمع کروانے کے بعد کمیٹی نے عبدالقادر کو باضابطہ طور پر متبادل کھلاڑی کے طور پر منظور کر لیا ہے۔