لاہور: صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے، جبکہ تعلیم کے شعبے میں بھی اصلاحات کا عمل جاری ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے سکالرشپ پروگرامز اور لیپ ٹاپ سکیمیں جاری ہیں تاکہ طلبہ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق ہونہار سکالرشپ پروگرام کے لیے آزاد جموں و کشمیر سے 21 ہزار طلبہ کی درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ سندھ کے طلبہ کے لیے سکالرشپس کا کوٹہ بڑھانے پر بھی کام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں طلبہ کے داخلوں میں اضافہ ہوا ہے اور اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ سے تعلیمی نظام میں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ستھرا پنجاب" پروگرام کے ذریعے صوبے بھر میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جا رہے ہیں۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں، مزدوروں اور عام شہریوں کی بہتری کے لیے مختلف پروگرام شروع کر چکی ہے۔ انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی پر اعتراض کرنے والوں کو اپنے صوبوں کی کارکردگی پر بھی توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے متعدد منصوبوں کو دیگر صوبوں نے بھی اپنایا ہے، جبکہ ترقی کے حوالے سے بحث ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل پر ہونی چاہیے۔