کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی بجٹ کو سپورٹ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق، سندھ کے کئی اہم مطالبات تسلیم کیے گئے ہیں، جن میں پی ڈبلیو ڈی کی پرانی اسکیموں کی واپسی اور ایف بی آر کے غیر ضروری اختیارات کا خاتمہ شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد پیکج کی دو اہم اسکیمیں سندھ خود مکمل کرے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے مکمل امن کی بحالی کی دوبارہ یقین دہانی کروائی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اللہ کے فضل سے سندھ اسمبلی نے بجٹ منظور کر لیا ہے اور ہم پورے خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، صرف نقصان کا باعث بنتی ہے۔
انہوں نے اسرائیل کو ایک دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے غزہ میں ہونے والے مظالم کی مذمت کی، اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی ہے۔