اسلام آباد : متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان آج ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے، اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف امور پر بات چیت کریں گے۔
پاکستان میں اماراتی صدر کے شایان شان استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور سیکیورٹی کے انتظامات بھی سخت کر دیے گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، اس دورے کا مقصد دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ترقی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانا ہے۔
یواے ای کے صدر کے دورے کے موقع پر اسلام آباد میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس تعطیل کے دوران پاکستان سیکرٹریٹ، وفاقی ادارے، سینیٹ سیکرٹریٹ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ بند رہیں گے۔ تاہم، اسلام آباد کے ہسپتال، بینک، ضروری سروسز کے دفاتر اور دیگر اہم دفاتر کھلے رہیں گے۔