اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے انتخابات میں حصہ نہ لینے کی ہدایات اگر دی گئی ہیں تو ان پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات پر پارٹی کے اندر کچھ شبہات ہیں، تاہم حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے لیے آئے تھے مگر پولیس نے ملاقات سے روک دیا، جو مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز سزائیں اور گرفتاریوں کی وجہ سے پارٹی میں دوریاں بڑھ رہی ہیں، جو ملک کے لیے نقصان دہ ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی کے بانی نے واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ کوئی بھی رہنما عوامی سطح پر استعفے کا ذکر نہ کرے اور پارٹی معاملات پر عوامی کمنٹس سے اجتناب کرے۔ انہوں نے خاص طور پر کہا کہ سلمان اکرم راجا سمیت کسی کو پارٹی معاملات پر ٹوئٹ کرنے کی اجازت نہیں ہے تاکہ اندرونی باتیں باہر نہ آئیں۔
انہوں نے بتایا کہ سلمان اکرم راجا کے استعفے کا تحریری ثبوت ان کے پاس نہیں، اور پارٹی عہدے سے استعفیٰ سنجیدہ معاملہ ہے جس کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ عمران خان کریں گے اور وہ خود سیاسی کمیٹی کی آخری میٹنگ میں شریک نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کون ہوگا، اس کا فیصلہ بھی بانی پارٹی کریں گے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں وفاقی حکومت کی امداد کم ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبے کے دس اضلاع سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں، وفاق کو بھرپور مدد کرنی چاہیے۔