اسلام آباد/تہران: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورت حال اور مسلم امہ کے اتحاد پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے گفتگو میں واضح کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور دیرپا امن کے لیے سفارتی ذرائع کو ہی موثر سمجھتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے ہر اہم بین الاقوامی فورم، بشمول اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، پر ایران کے موقف کی حمایت کی ہے۔
ایرانی صدر نے پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے تعمیری اور اصولی کردار کے قدردان ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسلم امہ کو انتشار کے بجائے اتحاد کی طرف بڑھنا ہوگا، اور اس مقصد کے لیے پاکستان و ایران قریبی رابطے میں رہیں گے۔