اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ وزارت تجارت نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد حکم نامہ جاری کیا اور سونے کی عالمی تجارت سے متعلق معطل شدہ ایس آر او کو دوبارہ فعال کر دیا۔
وزارت تجارت نے بتایا کہ قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد و برآمد کا فریم ورک برقرار رہے گا اور اسے زیادہ شفاف اور خودکار بنایا جائے گا۔
اس سال مئی میں سونے کی اسمگلنگ کے خدشات کے باعث پابندی عائد کی گئی تھی، تاہم حالیہ مہینوں میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر جیولری ایکسپورٹ انڈسٹری کے تحفظ کے لیے ایس آر او 760 کے فوری بحالی کی اپیل کی تھی، کیونکہ پابندی کی وجہ سے سپلائی چین متاثر ہوئی اور عالمی خریداروں کا اعتماد مجروح ہوا۔