کیلیفورنیا : میٹا نے اپنی مائیکروبلاگنگ ایپ تھریڈز میں ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جس کی مدد سے اب صارفین انسٹاگرام کے علاوہ فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے بھی سائن اپ کر سکیں گے۔ یہ فیچر ابھی محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے، لیکن کمپنی کی سپورٹ ویب سائٹ پر اس کا ذکر موجود ہے۔
سوشل میڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، فیس بک اکاؤنٹ سے تھریڈز پر سائن اپ کرنے سے صارفین کو دونوں پلیٹ فارمز یعنی تھریڈز اور فیس بک پر ایک ہی اکاؤنٹ سے لاگ ان کرنے کی سہولت ملے گی۔ اس کے علاوہ، اگر کوئی صارف فیس بک کے ذریعے تھریڈز پر پروفائل بنائے گا تو اس کی معلومات دونوں جگہ یکجا ہو جائیں گی، جو صارف کے لیے آسانی کا باعث بنے گا۔
ابتدائی طور پر تھریڈز نے انسٹاگرام صارفین اور ان کے فالوورز کو خودکار طور پر شامل کرنے کا طریقہ اپنایا تھا، جس سے یوزر بیس تیزی سے بڑھی، لیکن یہ حکمت عملی زیادہ دیر تک کامیاب نہ ہو سکی۔ اس لیے میٹا نے اب اپنی حکمت عملی بدلی ہے اور فیس بک اکاؤنٹ سے سائن اپ کا آپشن فراہم کرنا شروع کیا ہے تاکہ وہ ان صارفین تک بھی پہنچ سکے جن کے پاس انسٹاگرام اکاؤنٹ نہیں ہے۔
اگرچہ فیس بک پر بعض اوقات سپیم اور غیر معیاری مواد کا مسئلہ رہتا ہے، مگر میٹا کو چاہیے کہ وہ تھریڈز پر معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے تاکہ صارفین کو ایک محفوظ اور معیاری پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔