تل ابیب : ایران نے اسرائیل پر ایک اور زوردار میزائل حملہ کرتے ہوئے تل ابیب اور حیفہ کو چوتھی بار نشانہ بنایا ہے۔ حملے میں حیفہ کی آئل ریفائنری مکمل طور پر بند ہو گئی، جبکہ تین ملازمین جاں بحق ہو گئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ "آپریشن وعدہ صادق سوم" کے تحت کیا گیا، اور اسے اسرائیلی جارحیت کا جواب قرار دیا گیا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جب تک اسرائیل حملے بند نہیں کرتا، ایران بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
ایران کی فوجی تنظیم پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل علی محمد نے کہا کہ یہ حملوں کی نویں لہر ہے، اور ہم دشمن کو ہر وقت بے سکون رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف شروعات ہے۔
ایرانی سیکیورٹی کونسل نے خبردار کیا ہے کہ آج کا دن بہت خطرناک ہو سکتا ہے، اور اسرائیل کو "رات میں دن کا منظر" دکھایا جائے گا۔ پاسداران انقلاب نے تل ابیب کے شہریوں کو فوری طور پر شہر چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے، کیونکہ ایک اور بڑا حملہ متوقع ہے۔
ایرانی قیادت نے واضح کیا ہے کہ ان کا ہدف صرف فوجی تنصیبات اور سرکاری ادارے ہیں، مگر شہریوں کو محفوظ رہنے کے لیے دارالحکومت سے نکل جانا چاہیے۔
دوسری طرف، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی دھمکی دی ہے کہ اسرائیل کے جنگی طیارے تہران کے آسمان پر موجود ہیں، اور ایرانی شہری بھی دارالحکومت خالی کر دیں۔