Wed, September 16, 2026

امریکا میں ویزا منسوخی کا بڑا اقدام، ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر

امریکا میں ویزا منسوخی کا بڑا اقدام، ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر

واشنگٹن: امریکا نے ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ سے زائد افراد کے ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔ اس میں ہزاروں غیر ملکی طلبہ اور روزگار کے لیے آنے والے افراد بھی شامل ہیں، جنہیں مقررہ مدت ختم ہونے کے باوجود ملک میں قیام پذیر پایا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق منسوخ کیے گئے ویزوں میں 8 ہزار طلبہ اور 2 ہزار 500 کام کے ویزہ ہولڈرز شامل ہیں۔ زیادہ تر کیسز میں افراد کے خلاف قانونی خلاف ورزیوں یا مجرمانہ ریکارڈ کے شواہد موجود تھے۔ جن الزامات کی بنیاد پر ویزے منسوخ کیے گئے، ان میں شراب نوشی کے دوران گاڑی چلانا، تشدد، چوری، بچوں سے بدسلوکی، منشیات کی تقسیم اور مالی بدعنوانی شامل ہیں۔

محکمہ خارجہ نے اعلان کیا کہ امریکا کو محفوظ بنانے کے لیے ویزا منسوخی اور ملک بدری کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت کے پہلے سال کے دوران کیے گئے اقدامات کا حصہ ہے، جب 55 ملین ویزا ہولڈرز کے ریکارڈ کا ازسرِنو جائزہ لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق، یہ کارروائی امریکی امیگریشن نظام میں شفافیت اور قانون کی پابندی کو یقینی بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، تاہم اس کے عالمی طلبہ اور کاروباری برادری پر ممکنہ اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

ٹیگز: