واشنگٹن: امریکہ نے ایران کو ایک بار پھر سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی نئی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران نے مزید حملے کیے تو امریکہ پہلے سے کہیں زیادہ سخت ردعمل دے گا اور ہر ممکن آپشن استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز بند کرنے کی کوشش کی تو امریکہ فوری اور مؤثر کارروائی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آبی گزرگاہ عالمی تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس کی بندش عالمی معیشت کو شدید متاثر کر سکتی ہے۔
امریکی قیادت کے تازہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔ مبصرین کے مطابق واشنگٹن کی نئی وارننگ سے ایران اور امریکہ کے درمیان تناؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ عالمی برادری بھی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔