اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں اور عالمی امن میں اسلام آباد کے مثبت کردار کی تعریف کی ہے۔
اسلام آباد میں ہائی کمشنر جین میریٹ اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ریگولیٹری اور ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانے کے امکانات پر بات ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق، جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان نے پیٹرولیم کی سپلائی کے مسائل کو مؤثر انداز میں سنبھالا اور تہران و واشنگٹن کے ساتھ تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے مثبت کردار ادا کیا۔
علی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارتی روابط پر بھرپور توجہ دے رہا ہے اور بروقت اقدامات کے ذریعے سپلائی کی تسلسل کو برقرار رکھا گیا ہے۔
وزیر نے مزید بتایا کہ دوست ممالک جیسے سعودی عرب، عمان اور متحدہ عرب امارات نے پٹرولیم کی فراہمی میں تعاون کیا، اور پاکستان میں کھاد کی قیمتیں ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں تقریباً ایک تہائی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کمزور طبقات کو ہدف شدہ سبسڈی کے ذریعے تحفظ فراہم کر رہی ہے تاکہ ضرورت مند طبقے کو براہِ راست مدد مل سکے۔